کارکنوں سمیت نیب میں پیشی: ’آپ جو چاہتے ہیں وہ کریں عدالت مریم کو نہیں روکے گی‘

 

پاکستان کے صوبہ پنجاب کی لاہور ہائی کورٹ نے نیب کی اس استدعا کو مسترد کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ عدالت مریم نواز کو نیب پیشی کے دوران کارکن ساتھ لانے سے روکے۔
نیب نے ایک روز قبل لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ مریم نواز کا پیشی کے موقع پر اپنے ساتھ کارکنوں کو لانا غیر قانونی ہے۔
ہائی کورٹ نے یہ درخواست جمعرات 25 مارچ کو سماعت کے لیے مقرر کی تھی۔
جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت شروع کی تو نیب کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ’نیب نے 26 مارچ کو مریم نواز کو دو مختلف مقدمات میں طلب کر رکھا ہے۔ جس کے جواب میں مریم نواز نے پی ڈی ایم کے کارکنوں کے ہمراہ پیش ہونے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ وہ اکیلے پیش نہیں ہوں گی۔ اصل میں ان کا یہ اعلان تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ہے۔‘
جس پر بینچ کے سربراہ جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ ’امن و امان قائم رکھنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے‘۔  
انہوں نے نیب کے وکیل سے سوال کیے ’آپ یہ معاملہ عدالت کیوں لے کر آئے ہیں؟ ریاست کہاں ہے؟ عدالت کو اس سیاسی کام میں کیوں لایا جا رہا ہے؟‘
نیب نے وکیل سید فیصل رضا بخاری نے موقف اختیار کیا کہ ’نیب تو صرف یہ چاہتا ہے کہ عدالت مریم نواز کو آئین کے آرٹیکل پانچ پر عمل کرنے کا پابند بنائے۔ آئین کی عملداری کے لیے یہ درخواست دائر کی گئی ہے۔‘
بنچ نے ریمارکس دیے کہ ’کیا ریاست کو نہیں پتا کہ آئین کی عملداری کیسے کروانی ہے؟ ہمیں اس بات کا جواب دیں کہ عدالت کو اس معاملے میں کیوں لایا جا رہا ہے۔ ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے ہماری طرف سے آپ رینجرز بلا لیں آپ کے پاس ڈپٹی کمشنر کی اتھارٹی ہے آپ وہاں جائیں۔‘
نیب کے وکیل نے جواب دیا کہ نیب کے پاس ڈپٹی کمشنر کی اتھارٹی نہیں ہے نیب وفاق کے زیر انتظام ہے۔ جس پر جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دئیے ’آپ جو چاہتے ہیں وہ کریں عدالت مریم کو نہیں روکے گی، نیب اس معاملے سے خود نمٹے۔‘
عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد نیب کے دلائل کو مسترد کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

buttons=(Accept !) days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Learn More
Accept !